پاکستان کیلئے فنڈنگ کے ماحول میں بہتری آئی ہے، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ جولائی کے دوران عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹس میں شامل ہے، بلوم برگ

102
صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):امریکی ادارہ بلومبرگ نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد ملک کیلئے فنڈنگ کے ماحول میں بہتری آئی ہے، رواں ہفتے عالمی ریٹنگ ایجنسی“فچ”نے بھی پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کر کے“ٹرپل سی”کر دی ہے۔ ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ پاکستان کیلئے بیل آؤٹ پیکیج آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے باضابطہ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا جس کے باعث قرضوں کی ادائیگی میں تاخیر کے حوالہ سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں تاہم آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد پاکستان کے حوالہ سے قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں،

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے مرکزی بینک میں 2 ارب ڈالرز ڈیپازٹ کروانے کی تصدیق کی ہے جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسی“فچ”نے بھی پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کر کے“ٹرپل سی”کر دی ہے۔ بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر میں ہونے والے ہیں، وفاقی حکومت ملک کے معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے بھی کوششیں تیز کر دی ہیں جن میں محصولات اور توانائی کے شعبہ میں اصلاحات اور اخراجات میں کمی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو جولائی میں شروع ہونے والے مالی سال میں 23 بلین ڈالرز کے بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں جو کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر سے 6 گنا زیادہ ہیں، ان ادائیگیوں کیلئے آئی ایم ایف کا قرضہ معاون ثابت ہو گا۔ بلومبرگ نے کہاہے کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ جولائی کے دوران عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹس میں شامل ہے جبکہ ڈالر بانڈز میں ایک ماہ کے دوران 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔