اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، بھارتی جارحیت نے ہماری سول آبادی کو نشانہ بنایا ہے، پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے پوری قوم متحد اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت امریکہ اور یورپی یونین سمیت عالمی برادری کو اپنے جھوٹے اور بے بنیاد بیانیے کے حوالے سے قائل نہیں کر سکا، اگر کوئی جارحیت مسلط کی گئی تو اس کا جواب پوری قوت سے دیں گے۔ بدھ کو یہاں ”اے پی پی” کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے جو جارحیت کی ہے اور رات کے اندھیرے میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا ہے، ہماری فضائیہ نے اس کا بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور ان کے طیارے مار گرائے ہیں، اس کے بعد پاکستانی قوم کے اندر جو جذبہ اور وحدت نظر آئی ہے پاکستان کے دفاع، سلامتی کیلئے پوری قوم متحد ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے
پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کا مورال کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کمال جذبے اور پروفیشنل ازم کے ساتھ لیڈ کر رہے ہیںِ، اﷲ تعالیٰ کے کرم سے پوری قوم پاک فوج کی مہارت کی وجہ سے محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ اور فالس فلیگ آپریشن کے پاکستان پر جو الزامات عائد کئے وہ پوری عالمی برادری کے سامنے ہیں، بھارت ان کا کوئی ثبوت نہیں دے سکا، وہ عالمی برادری کو بھی اس حوالہ سے قائل نہیں کر سکا، پاکستان کے اندر جو دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں ان کے ہمارے پاس ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، ان میں بھارت ملوث ہے، پاکستان دہشت گردی کا شکار ملک ہے، یہ ساری صورتحال عالمی برادری اور میڈیا دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے سول آبادی کو نشانہ بنایا ہے، ہماری فوج اور فضائیہ نے ان کی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، ہم اپنے معصوم شہریوں کی شہادت کا جواب بھارت کو دیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین سمیت عالمی برادری یہ بات بخوبی جانتی ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں اور ہمارے درمیان تنازعہ دنیا کا سب سے بڑا تنازعہ ہے، عالمی برادری اس صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، ہم جارحیت کے قائل نہیں، اگر کوئی جارحیت ہوئی تو ہم اس کا جواب پورے جذبے سے دیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594092