پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے، ماضی کی حکومت کا لیا گیا قرض پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) واپس کر رہی ہے،وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

77

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے، ماضی کی حکومت کا لیا گیا قرض پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) واپس کر رہی ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مالی سال کے تیسری سہ ماہی کے جو اعدادوشمار جاری کئے جاتے ہیں وہ ابتدائی ہوتے ہیں کیونکہ آخری سہ ماہی کا ڈیٹا ابھی نہیں آیا ہوتا، مسلم لیگ (ن) کے آخری سال میں بھی پہلے کچھ اور اعدادوشمار جاری کئے گئے جنہیںبعد میں تبدیل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے سال گرتی ہوئی معیشت سے مستحکم کی طرف گئے اور پھر مستحکم سے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ملکی معیشت میں بہتر آرہی ہے، آئندہ برس ترقی کی شرح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اس سال ترقی کی شرح 4 فیصد متوقع ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے، ماضی کی حکومت کا لیا گیا قرض پی ٹی آئی واپس کر رہی ہے۔