پاکستان کے زرِ مبادلہ ذخائر 9.3 ارب ڈالر ،3.8 بلین ڈالر کا سونا بھی موجود ہے، سٹیٹ بینک

71
State Bank

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):سٹیٹ بینک پاکستان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر کی مالیت 9.3 ارب ڈالر ہے،اس کے علاوہ 3.8 ارب ڈالر کے سونے کے ذخائر بھی موجود ہیں۔یہ بات ایس بی پی کے ڈپٹی گورنر عنایت حسین نے اتوار کو ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس طرح کی کوئی صورتحال نہیں کہ سونے کو رہن رکھنا پڑے،غیر ملکی زر مبادلہ کی سطح بھی خطرناک حد تک نہیں پہنچی۔ڈپٹی گورنر نے کہا کہ دسمبر سے اب تک روپے کی قدر میں اٹھارہ فیصد کمی آئی ہے جس میں سے بارہ فیصد کمی کی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں بین القوامی سطح پر ہونے والا اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کی دوسری وجہ طلب اور رسد ہے، ڈالر کی رسد کم اور طلب زیادہ ہونے کی وجہ سے روپے پر دباؤ تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہماری توقعات یہ ہیں کہ درآمدات میں سست روی آئے گی جس سے طلب اور رسد کا فرق بتدریج کم ہوتا چلا جائے گا۔

عنایت حسین نے کہا کہ کسی بھی بینک یا آئل کمپنی سے حالیہ دنوں میں ایسی شکایت نہیں ملی کہ انہیں ایل سی کھولنے میں مشکل ہو رہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کا بنیادی کام یہ ہے کہ فارن ایکسچینج مارکیٹ میں انتشار نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں فارن ایکسچینج مارکیٹ پوری طرح فعال ہے۔