تھمپو ۔13اکتوبر (اے پی پی):بھوٹان کے لئےپاکستان کے نامزد غیر مقیم سفیر عمران احمد صدیقی نے بھوٹان کی حکومت کی دعوت پر شاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک کو اپنی سفارتی اسناد پیش کرنے کے لیے بھوٹان کا دورہ کیا۔ پاکستانی سفیر نے بعد ازاں شاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی قیادت کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا جس کے جواب میں شاہ جگمے نے بھی پاکستانی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران پاکستانی سفیر(مقیم ڈھاکہ) نے بھوٹان کے وزیر اعظم ڈاکٹر لوٹے شیرنگ، وزیر خارجہ ڈاکٹر تنڈی دورجی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بھوٹان کے وزیر داخلہ و ثقافتی امور یوگین دورجی، اقتصادی امور کے وزیر لوک ناتھ شرما، زراعت اور جنگلات کے وزیر یشے پینجور اور سیکرٹری خارجہ پیما چوڈن سے بھی ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی سفیر نے بھوٹان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ”تاشی گروپ“ آف کمپنیز کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی جو بھوٹان کے معروف کاروباری اداروں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھوٹان کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو تاریخی رابطوں اور ثقافتی روابط پر مبنی ہیں۔
دونوں فریقین نے ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور بھوٹان کے درمیان تجارت اور کاروبار کے علاوہ سیاحت کے فروغ سمیت دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں ،مشترکہ کوششوں کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط سے پیدا ہونے والے چیلنجزسے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔