پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کے منصوبے ”ری بلڈنگ ٹوگیدر” کی کامیاب تکمیل ، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کا جاپانی تعاون پر اظہار تشکر

104
پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کے منصوبے ''ری بلڈنگ ٹوگیدر'' کی کامیاب تکمیل ، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کا جاپانی تعاون پر اظہار تشکر

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) پاکستان نے سیلاب زدہ علاقوں کی دیکھ بھال کے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر جاپانی تعاون پر اظہار تشکر کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا، یہ تقریب ڈبلیو ایچ او اسلام آباد کے دفتر میں منعقد ہوئی جس میں”ری بلڈنگ ٹوگیدر” اقدام کا جشن منایا گیا اس منصوبے کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بحال کیا گیا ہے۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو اور دیگر معززین نے اس تقریب میں شرکت کی۔ وسط جولائی اور وسط اگست 2022 کے درمیان پاکستان میں مون سون کی تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں غیر معمولی سیلاب آیا ، جس سے بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، پنجاب اور سندھ کے صوبوں میں لاکھوں زندگیاں متاثر ہوئیں، 6 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ، 19 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ، اور بڑے پیمانے پرقیمتی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

صحت کی دیکھ بھال کا بنیادی ڈھانچہ بھی بری طرح متاثر ہوا اور 2 ہزارسے زیادہ صحت کی سہولیات کو نقصان پہنچا۔ جاپان کی حکومت اور عوام کی مالی امداد کے ذریعے ڈبلیو ایچ او متعدی بیماریوں کے پھیلائو کو روکنے کے لئے فوری ردعمل دیا اور تباہ شدہ صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی بحالی کے ذریعے بنیادی صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو یقینی بنایا۔

عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کے تحت 462 طبی مراکز کی تزئین و آرائش مکمل کی اور انہیں ضروری سازوسامان اور رسد فراہم کیا جن میں سے 240 کو جاپان کی مدد سے بحال کیا گیا ۔

ان سہولیات کا انتظام اب سرکاری صحت کے حکام کے ذریعہ کیا جاتا ہے ،جہاں مسلسل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ طویل مدتی استحکام کے لئے مقامی صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد کو بااختیار بنانے کے لئے ، ڈبلیو ایچ او نے بیماری کی نگرانی اور وبا کے ردعمل سمیت صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے مختلف پہلوئوں میں خدمات فراہم کرنے والوں کی استعداد کار بڑھانے میں بھی سرمایہ کاری کی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور پاکستان میں مشن کے سربراہ ڈاکٹر لیو ڈاپنگ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں جاپان کی حکومت اور عوام کی جانب سے غیر معمولی حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم جاپان کی حکومت اور عوام کی جانب سے گرانقدر حمایت پر انتہائی مشکور ہیں۔ ان کے فراخدلانہ تعاون سے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لئے ضروری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیاہے۔ یہ مشترکہ کوشش لچکدار صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی تعمیر میں بین الاقوامی شراکت داری کی اہم مثال ہے۔

جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے ڈبلیو ایچ او پاکستان کے کام اور حکومت پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان کی حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کے لئے ‘صحت پرکوئی دقیقہ فرو گزشت نہ چھوڑنے’کے عزم پر عمل پیرا ہے۔

گلوبل ہیلتھ جاپان کے ترقیاتی تعاون کا مرکز ہے اور ہم اسے پائیدار ترقی کا بنیادی ستون سمجھتے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صوفیہ یونس نے حکومت جاپان کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت معاونت پر روشنی ڈالی جس کی وجہ سے ہم (حکومت پاکستان) پاکستان میں لاکھوں افراد تک پہنچ سکے۔

انہوں نے جاپانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تباہ کن سیلاب کے دوران عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)کی جانب سے فراہم کی جانے والی اہم مدد کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز مستقبل میں بھی اس تعاون کو جاری رکھنے کی خواہاں ہے۔

ڈبلیو ایچ او پاکستان ملک کے صحت کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستانی حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ مزید معلومات کے لیے سعدیہ اقبال سے [email protected] یا +92(51) 8432444 پررابطہ کرسکتے ہیں۔