اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):پاکستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سٹیک ہولڈرز اور امریکی آرمی سینٹرل ٹیم نے دوطرفہ چا ر روزہ انٹرایکٹو سیشن میں مشترکہ ماحولیاتی تحفظ کے معیاری پروٹوکول کے عالمگیر اطلاق کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات کے دوران تخفیف کے حوالہ سے ترقی یافتہ دنیا کے کامیاب ماڈلز کی طرز پر انتظام کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سٹیک ہولڈرز اور امریکی آرمی سینٹرل ٹیم کے درمیان4روزہ دو طرفہ بات چیت جمعرات کو اختتام پذیر ہو گئی۔ 11 رکنی امریکی آرمی سینٹرل وفد کی قیادت میجر جنرل وینڈول گلین ہیگلر نے کی جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، پاک آرمی، سپاکور، ایف ایف سی، پی ایم ڈی ، ریسکیو 1122، واپڈا اور وزارت منصوبہ بندی اور وزارت خارجہ کے نمائندے نے انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔ اس مکالمے میں پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے درپیش خطرات، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نقطہ نظر اور این ڈی ایم اے کے ڈھانچے اور بین الاقوامی امداد میں اس کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔
انٹرایکٹو سیشنز میں گزشتہ سال آنے والے سیلاب، سیلاب کے بعد کے سروے اور نقصانات کی تشخیص، سیلاب کی صورتحال سے حاصل تجربات کی روشنی میں اہم انفراسٹرکچر کے ہائیڈرو میٹرولوجیکل تجزیہ کا بھی احاطہ کیا گیا۔امریکی آرمی سینٹرل کے وفد نے پاکستان میں سیلاب کے بعد ہونے والے نقصانات کے انتظام میں باہمی دلچسپی کے پہلوؤں کا تبادلہ کیا اور ایک دوسرے کے تجربات، ڈیزاسٹر منیجرز کی تربیت اور پیشگی وارننگ سسٹم کے لئے جدید سافٹ ویئر/پروڈکٹس ، پاکستان میں وسائل کی نقشہ سازی اور عوامی الرٹ اور کمیونیکیشن میکانزم کے اشتراک سے مستقبل کے امکانات اور تعاون کے شعبوں بارے غور کیا گیا۔