نئی دہلی۔6جون (اے پی پی):پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے 215 سکھ یاتریوں کو گرو ارجن دیو جی کے جوڑ میلہ میں شرکت کے لئے ویزے جاری کر دیئے ہیں۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق سکھ یاتری گرو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کے موقع پر 8 سے 17 جون 2023ءتک منعقد ہونے والے سالانہ جوڑ میلہ میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر ناظم الامور پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سلمان شریف نے سکھ یاتریوں کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقدس مقامات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ زائرین کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ سکھ یاتریوں کو ویزے 197ءکے مذہبی مقامات کے دوروں کے حوالے سے باہمی پروٹوکول کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔
پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سکھ یاتری گردوارہ پنجہ صاحب، گردوارہ ننکانہ صاحب اور گردوارہ کرتارپور صاحب سمیت متعدد مقدس مقامات کی زیارت کریں گے۔ بھارت سے ہر سال بڑی تعداد میں زائرین مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کرتے ہیں۔