پاکستان یورپی یونین کے ساتھ مشترکہ اقدار ، امن اور خوشحالی و ترقی کے مقاصد پر مبنی تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے، وزیراعظم شہباز شریف

277

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشترکہ اقدار ، امن اور خوشحالی و ترقی کے مقاصد پر مبنی یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے، پاکستان کے عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں حصہ دار نہ ہونے کے باوجود ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، امید ہے کہ عالمی برادری بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں موثر شرکت کے ذریعے سیلاب سے پیدا ہونےوالی صورتحال کے منفی اثرات سے نمٹنے کی کوششیں تیز کرے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یورپی کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ جینز لینارکیچ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید سیلاب کے بعد یورپی یونین کی طرف ا مداد کو سراہا اور انہیں سیلاب سے فصلوں، مکانات، مال مویشی اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے نقصان اور 1600 سے زیادہ افراد کے جاں بحق ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کاعالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں فعال شرکت کے ذریعے سیلاب کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گی۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے وزیراعظم کےفلڈ ریلیف فنڈ کے قیام سمیت حکومت کی طرف سے کئے جانے والےاقدامات کاذکر کیا۔ فلڈ ریلیف فنڈ میں ملکی اور بین الاقوامی ذرائع سے عطیات جمع کرائے جا سکتے ہیں۔پاکستان اور یورپی ممالک کے اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق اپنے دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ 2023 کے بعد بھی جی ایس پی پلس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔