اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) پاکستان، افغانستان اور انڈونیشیا پر مشتمل سہ فریقی علماءکانفرنس نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے علماءکرام کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے، گزشتہ ہفتے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والی دو روزہ علماءکانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین قبلہ آیاز نے کی جبکہ افغانستان اور انڈونیشیا کے علماءکرام کانفرنس میں شریک ہوئے۔ دوروزہ کانفرنس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام امن وسلامتی اورتحمل وبرداشت کوفروغ دینے والا مذہب ہے جس نے ہمیشہ مسلمانوں کے مابین یکجہتی پرزوردیا ہے، اسلام کالفظ سلیمہ سے اخذ کیا گیا ہے جس کامطلب امن یا نجات ہے اور اسلام پر حقیقتًا عمل پیرا لوگ اس امرکے پابند ہیں کہ وہ رحم دلی اور شفقت کے عنصرکو اجاگرکریں اور اسے پھیلائیں۔