پاکستان، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء، سیز فائر اقدامات اور افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا،شاہ محمود قریشی

84
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

نیویارک۔21مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء، سیز فائر سے متعلقہ اقدامات اور افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کیلئے کی جانیوالی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں جاری مصروفیات کے دوران جمعہ کو ممتاز ریپبلکن سینیٹر، لنڈسے گراہم کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاک – امریکہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے سینیٹر لنڈسے گراہم کے فعال کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان، امریکہ کے درمیان دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ بالخصوص زراعت و زرعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء، سیز فائر سے متعلقہ اقدامات اور افعان مسئلے کے جامع سیاسی حل کیلئے کی جانیوالی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ افغانستان میں امن کا قیام ، تمام افغان دھڑوں اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔سینیٹر لنڈسے گراہم نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے، علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک امریکہ اقتصادی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے سینٹر لنڈسے گراہم کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کیا۔