پاکستان،پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیےپر عزم ہے،سہیل محمود

120

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان،پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیےپر عزم ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے یہ بات آسٹریلیا کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان ڈینیئل سلوپر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے پر عزم ہے۔سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کی شمولیت اور تعاون افغان عوام کی فوری انسانی اور اقتصادی بحران سے نمٹنے کیلئے ناگزیر ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ علاقائی نکتہ نظر کی اہمیت پر زور دیا اور اس تناظر میں پاکستان کے اقدامات اور تعاون کو اجاگر کیا۔ نمائندہ خصوصی سلوپر نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق آسٹریلیا کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا اور انخلا کی بین الاقوامی کوششوں میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔