پاکستانی آئل کمپنیوں کا 10بلین امریکی ڈالر کے گرین فیلڈ ریفائنری پراجیکٹ کیلئے سعودی آرامکو کے ساتھ اشتراک

294
پاکستانی آئل کمپنیوں کا 10بلین امریکی ڈالر کے گرین فیلڈ ریفائنری پراجیکٹ کیلئے سعودی آرامکو کے ساتھ اشتراک
پاکستانی آئل کمپنیوں کا 10بلین امریکی ڈالر کے گرین فیلڈ ریفائنری پراجیکٹ کیلئے سعودی آرامکو کے ساتھ اشتراک

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):پاکستان کی چار بڑی قومی آئل کمپینیاں گوادر پورٹ پر 10 ارب ڈالر مالیت کے گرین فیلڈ ریفائنری پراجیکٹ کیلئے اشتراک کریں گی اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔

جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق قومی کمپنیاں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل)، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل)مشترکہ سرمایہ کاری حکمت عملی کے ذریعے اشتراک کریں گی، پراجیکٹ میں معروف عالمی آئل اینڈ گیس کمپنیوں کی طرف سے ایکویٹی کی بنیادپر نمایاں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان میں کم سے کم 300,000بی پی ڈی خام تیل پراسسنگ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ مربوط ریفائنری پیٹروکیمیکل کمپلکس اور پیٹروکیمیکل فیسیلیٹی قائم کی جائے گی۔مربوط ریفائنری پیٹروکیمیکل کمپلکس متعدد حصوں پر مشتمل ہوگا جس میں میرین انفراسٹرکچر، پیٹروکیمیکل کمپلکس، خام آئل اور ریفائن یوٹیلیٹیز کیلئے سٹوریجز، پائپ لائن کنکٹی ویٹی وغیرہ شامل ہے۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈویژن ڈاکٹر مصدق ملک نے پراجیکٹ کی تفصیلا ت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ سے معاشی ترقی، غیر ملکی زرمبادلہ کی بچت، انرجی سیکورٹی، روزگار کے مواقع اور سماجی بہتری کے تناظر میں قومی معیشت کو فوائد حاصل ہوں گے۔سیکرٹری پٹرولیم کیپٹن (ر) محمد محمود نے اپنے افتتاحی خطاب میں گرین فیلڈ ریفائنری پالیسی کے نمایاں نکات کو واضح کرتے ہوئے پٹرولیم سیکٹر کی ترقی کیلئے پٹرولیم ڈویژن کے عزم کو اجاگر کیا۔