اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستانی امپائر علیم ڈار آج اتوار کو سب سے زیادہ ون ڈے سپر وائز کرنے والے امپائر بن جائیں گے۔ علیم ڈار پاکستان اور زمبابوےکے درمیان آج اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں فیلڈ امپائر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔آج ہونے والا میچ علیم ڈار کا 210 واں ایک روزہ میچ ہوگا اور وہ جنوبی افریقی امپائر روڈی کرٹزن کا 209 میچ سُپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیں گے۔52 سالہ سابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر علیم ڈار نے سال 2000ء میں گوجرانوالا میں ہونے والے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ میچ میں پہلی بار فیلڈ امپائر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیے تھے۔ واضح رہے کہ علیم ڈار کے پاس اس وقت سب سے زیادہ 132 ٹیسٹ میں امپائرنگ کا اعزاز بھی موجود ہے جوکہ انہوں نے گذشتہ سال ہی سابق ویسٹ انڈین امپائر اسٹیو بکنر کا 129 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا ریکارڈ توڑکر حاصل کیا تھا۔ٹی ٹوئنٹی میچوں میں علیم ڈار 46 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پہلے نمبر پر پاکستان ہی کے احسن رضا ہیں جنہوں نے 49 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔مجموعی طور پر علیم ڈار نے387 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی ہے جوکہ دنیا میں کسی بھی کرکٹ امپائر سے زیادہ ہے۔