دہلی ۔18اپریل (اے پی پی):پاکستان کے زائرین کا 178 رکنی وفد حضرت امیر خسروؒ کے 721ویں عرس کی تقریبات میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہو گیا ۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نئی دہلی میں عظیم صوفی بزرگ حضرت امیر خسروؒ کے عرس کی تقریبات ہر سال علمی، ادبی اور روحانی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کی جاتیں ہیں۔ حضرت امیر خسروؒ چشتیہ سلسلہ کے معروف بزرگ حضرت نظام الدین کے مرید خاص تھے۔
بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سعد احمد وڑائچ نے بھی عرس کی تقریبات میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی جس سے واضح ہوتا کہ حضرت امیر خسروؒ کی زندگی ہمہ گیر روحانی میراث کی عکاس تھی ۔ زائرین نے اپنے مذہبی فرائض پرامن طریقہ سے ادا کئے اور عرس رسومات کی ادائیگی کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584060