نئی دہلی ۔16اپریل (اے پی پی):پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نےحکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے حضرت امیر خسروؒ کے مزار پر روایتی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر حضرت امیر خسروؒ کے 721 ویں سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت آئے ہوئے 178 پاکستانی زائرین کا وفد بھی موجود تھا۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ناظم الامور اور پاکستانی زائرین کا درگاہ پر سجادہ نشین دیوان طاہر نظامی نے پرتپاک استقبال کیا۔
مزار پر چادر چڑھانے کے بعد تمام شرکاءنے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ ناظم الامور اور زائرین نے اسی احاطے میں واقع حضرت نظام الدین اولیاؒ کی درگاہ پر بھی حاضری دی۔ سجادہ نشین نے ناظم الامور اور زائرین کے وفد کے سربراہ کی روایتی دستار بندی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ حضرت امیر خسروؒ نے شاعری کے ذریعے اسلامی روایات اور علامتوں کو مقامی ثقافتی ماحول سے ہم آہنگ کیا، قوالی کی صورت میں حضرت امیر خسروؒ نے محبت اور ہم آہنگی کا ایسا پیغام دیا جو لازوال بھی ہے اور شاندار بھی۔
زائرین کے نمائندوں نے دورے میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ پاکستانی زائرین پاکستان اور بھارت کے درمیان 1974ءسے مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق پروٹوکول کے تحت دورہ کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583175