پاکستانی زائرین کی حضرت نظام الدین اولیاءؒ اور حضرت امیر خسرو ؒکے مزار پر حاضری

109
پاکستانی زائرین کی پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کے ناظم الامور کے ہمراہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ اور حضرت امیر خسرو ؒکے مزار پر حاضری

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاکستانی زائرین کے وفد نے پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کے ناظم الامور آفتاب حسن خان کے ہمراہ حضرت امیر خسروؒ کے مزار پر حاضری دی اور حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے روایتی چادر چڑھائی۔ جمعرات کو پاکستان ہائی کمیشن کے ٹویٹ کے مطابق 110 پاکستانی زائرین حضرت امیر خسروؒ کے 718 ویں عرس میں شرکت کے لئے نئی دہلی کے دورہ پر ہیں۔

سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی اور درگاہ کمیٹی کے دیگر ارکان نے ناظم الامور اور زائرین کا استقبال کیا۔ مزار پر چادر چڑھانے کے بعد خصوصی دعا مانگی گئی۔ دیوان سید طاہر نظامی نے اس موقع پر زائرین کے گروپ لیڈر اور ناظم الامور کی دستار بندی کی۔

ناظم الامور اور زائرین نے اسی احاطے میں موجود حضرت نظام الدین اولیاءؒ کی درگاہ پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ زائرین نے مذہبی مقامات کے دورہ کے حوالے سے 1974ء کے پاکستان بھارت پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت سالانہ عرس مبارک میں شرکت کی۔