واشنگٹن ڈی سی۔24نومبر (اے پی پی):پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی کے زیراہتمام اسلامی خطاطی کے فن پر مبنی نمائش کا انعقاد کیاگیا۔ یہ نمائش پاکستانی فن، دستکاری اور ادبی سلسلے کی افتتاحی تقریب تھی جس میں معروف خطاط عائشہ کمال کو متعارف کروایا گیا۔نمائش میں سفارت کاروں، امریکی حکومت کے حکام، ثقافتی شائقین، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی امریکن کمیونٹی نے شرکت کی ۔پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور فنکار وں کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اسلامی فن اور ثقافت کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اسلامی خطاطی نہ صرف ایک بصری فن ہے بلکہ یہ ایمان اور روحانیت کا گہرا اظہار بھی ہےجبکہ یہ اسلامی عقیدے کے ذریعے حاصل ہونے والے بھرپور ثقافتی ورثے کی ترجمانی کرتا ہے۔خطاطی کے تاریخی ارتقا کو بیان کرتے ہوئےپاکستانی سفیر نے سلطنت عثمانیہ کے دوران خطاطی کے سنہری دور تک ابتدائی قرآنی نسخوں اور نوشتہ جات سے لے کر مسلم دنیا کی اہم شراکتوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی خطاطوں نے اس فن کی ترقی اور بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے، جن میں صادقین اور استاد اللہ بخش شامل ہیں۔
اپنے خطاب میں خطاط عائشہ کمال نے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس نمائش کو ممکن بنانے میں بھر پورحمایت کی۔ انہوں نے اپنے فن کی تکنیکوں اور محرکات پر بھی روشنی ڈالی۔نمائش میں خطاطی کا بہترین آرٹ ورک پیش کیا گیا۔مشاہدین ،عائشہ کمال کے کام کی خوبصورتی اورمہارت سے مسحور ہوئے، جو اسلامی خطاطی کی گہری روحانی اور ثقافتی اہمیت کی عکاسی کرتاہے۔پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور ان کو یقین دلایا کہ مستقبل میں اس طرح کے مزید ایونٹس منعقد کیے جائیں گےجو پاکستان کی بھرپور فنون، پیچیدہ دستکاریوں اور دلکش ثقافت کو اجاگر کریں گے۔