قاہرہ ۔28اکتوبر (اے پی پی):قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے نے "کشمیر یوم سیاہ” کے موقع پر "کشمیر محاصرے میں ٍ” کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور پاکستان اور مصر کے قومی ترانے بجائے گئے، جس کے بعد صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ مصر کی نمائندگی کرتے ہوئے دانشوروں، تھنک ٹینک کمیونٹی اور علمی شخصیات نے اپنی اپنی تقاریر میں اس بات پر زوریا کہ بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ اور یہ کہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کے لیے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے عالمی ادارہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔
مقررین نے کہا کہ کسی بھی ملک کو یکطرفہ طور پر کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کا حق نہیں ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو بھارتی حکومت کے فاشسٹ، کشمیر دشمن اور مسلم دشمن اقدامات کی پرزوراور واشگاف مذمت کرنی چاہیے۔
مقررین نے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پربات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کی خلاف ورزیوں نے سنگین انسانی صورتحال کو جنم د دیا ہے جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
سفیر ساجد بلال نے اپنے ریمارکس میں بے پناہ قربانیوں کے ساتھ بھارتی تسلط کو پورے عزم کے ساتھ ناکام بنانے پر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ سفیر نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت پر 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لینے اور جموں و کشمیر کے تنازع کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے دبائو ڈالنا چاہیے۔
تقریب میں دانشوروں، صحافیوں، طلبا اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=334767