پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے گرینڈ ڈیوک آف لکسمبرگ کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں

99

‎لکسمبرگ۔5جون (اے پی پی):بیلجیئم، یورپی یونین اور لکسمبرگ میں ‎پاکستان کے سفیررحیم حیات قریشی نے آج لکسمبرگ میں ہز رائل ہائی نس گیلوم، گرینڈ ڈیوک آف لکسمبرگ کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ یہ پروقار تقریب شاہی محل میں ایک نہایت خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جہاں پاکستانی سفیر کو مکمل شاہی پروٹوکول دیا گیا۔‎اس موقع پر سفیر رحیم حیات قریشی نے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نیک تمنائوں اور خیرسگالی کے پیغامات بھی ہز رائل ہائی نس گیلوم، گرینڈ ڈیوک آف لکسمبرگ کو پیش کیے۔

دونوں رہنمائوں کے پیغامات میں لکسمبرگ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔‎ملاقات میں پاکستان اور لکسمبرگ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون، باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی روابط اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہز رائل ہائی نس گیلوم نے پاکستانی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔‎یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم اور سنگ میل ہے۔