پاکستانی عوام کا فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا قابل تعریف ہے،گورنر پنجاب

163
Governor Punjab Balighur Rehman
Governor Punjab Balighur Rehman

لاہور۔20جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے انڈس ہسپتال لاہور میں ہیلتھ نیٹ ورک آئیکون کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ فلاحی اداروں اور پاکستانی عوام کا فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا خاص کرم ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایسے لوگ موجود ہیں جو انسانیت کی فلاح کے لیے کام کر رہے ہیں۔ یہ ہمارے معاشرے کا مثبت پہلو ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ایک کامیاب ماڈل ہے اورانڈس ہسپتال اس کی ایک مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کو بہت خوشی ہوئی کہ انڈس ہسپتال نہ صرف لاہور بلکہ ملک کے پسماندہ علاقوں میں لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انڈس نیٹ ورک کا ICON-2024 کا انعقاد ایک اچھا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں عالمی، قومی اور مقامی شراکت داروں کو صحت، طبی تعلیم ،ٹیکنالوجی اور تحقیق پر سیر حاصل گفتگو اور بحث کے لیے اکٹھا کیا گیا ہے جس سے صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں آگہی ملے گی اور معاشرے میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ کانفرنس کے انعقاد میں مختلف مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ انڈس نیٹ ورک ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہا ہے اور انہوں نے ہمیشہ اس قابل ذکر ادارے کے لئے اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

تقریب سے ڈاکٹر ظفر زیدی سی ای او انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک ، ڈاکٹر عبدالباری صدر انڈس ہسپتال نیٹ ورک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔