اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ہم ان کی قربانیوں کو نہیں بھولے، کشمیر کی آزادی کیلئے ہم سب کو مل جدوجہد کرنا ہو گی ۔
بدھ کو یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے ،ان کی جدوجہد اور ان کے خلاف ریاستی جبر و استبداد کے خلاف آواز اٹھانے کا دن ہے، کشمیر میں جو ظلم ہو رہا ہے اس پر تمام عالمی فورمز پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے، وہ قراردادیں جن کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے آج ان قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دینے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی قوم کی جانب سے اظہار یکجہتی کیلئے آج کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا ، پورے پاکستان میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے واکس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور پوری دنیا میں پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے دفاتر میں احتجاجی مراسلے جمع کرائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان کشمیری نوجوانوں کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیر کی صورتحال پر پاکستانی نوجوانوں میں بھی اضطراب پایا جاتا ہے، کشمیری نوجوان خود کو تنہا نہ سمجھیں، پاکستانی نوجوان اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے، ہم ان کی قربانیوں کو نہیں بھولے، وقت آ گیا ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم سب کو مل جدوجہد کرنا ہو گی ۔