پاکستانی عوام کو امن و امان فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے ،معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

92
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو امن و امان فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے اور اس کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت کا قیام عمل میں آئے تاکہ افغانستان میں 40 سالہ جنگ کا خاتمہ ہو، بدقسمتی سے سابقہ حکومتوں نے زراعت کے شعبے کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جس کی وجہ سے آج پاکستان کو گندم سمیت دیگر زرعی اجناس درآمد کرنا پڑ رہی ہیں، موجودہ حکومت کے جامع اقدامات کی بدولت زرعی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان کے حوالے سے شروع سے ہی واضح موقف رہا ہے اور ہمیشہ پرامن افغانستان کا خواہاں رہا ہے، پاکستان نے افغانستان میں امن عمل کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے،افغانستان میں امن و استحکام سے افغان عوام کے بعد سب سے زیادہ پاکستان کو فائدہ ہو گا، وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امن کیلئے پوری دنیا کو انگیج کیا ہوا ہے، وہ دنیا کو اپنا پوائنٹ آف دے رہے ہیں اور ان کا پوائنٹ آف ویو سن رہے ہیں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ افغان جنگ سے پاکستان کو بھاری جانی و معاشی نقصان اٹھانا پڑا، پاکستان نے افغان جنگ سے جتنا نقصان اٹھایا کسی دوسرے ہمسایہ ملک نے نہیں اٹھایا اسلئے ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت کا قیام عمل میں آئے تاکہ دیرینہ تنازع ختم ہو اور خطے میں امن آئے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیساں اور بدانتظامی ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان کی اور ان کی معاشی ٹیم کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے ثمرات عوام کو آنے والے مہینوں میں نظر آئیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کو درپیش حالیہ مسائل ماضی کے حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے ہیں، انہوں نے لوٹ مار کر کے ملکی معیشت کو کھوکھلا کیا تاہم موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعدد فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں اور ہم اپنی کارکردگی کی بناءپر 2023ءانتخابات میں ووٹ لینے کیلئے عوام کے سامنے جائیں گے۔