راولپنڈی۔21اپریل (اے پی پی):ممبر کینٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال نے کہا ہے کہ اسرائیل لاکھوں بے گناہ فلسطینی مسلمانوں کا قاتل ہے۔ پوری پاکستانی قوم کے دل مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اویسیہ قرآن اکیڈمی میں پاکستان سنی تحریک علماء بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ "فلسطین کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی ظلم و بربریت کے خلاف پوری مسلم امہ کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب ظلم اپنی انتہا کو پہنچتا ہے تو وہ مٹ جاتا ہے۔ فلسطین کی آزادی کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔ کانفرنس سے میزبان حافظ غلام مرتضیٰ شاکر، مولانا طاہر اقبال چشتی، حافظ سعید اختر اور دیگر علماء و مشائخ نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور اسلامی ممالک اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کر دیں۔ تقریب میں مختلف میلاد کمیٹیوں، مساجد کمیٹیوں، انجمن تاجران اور علاقہ کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کا بہایا گیا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا اور اسرائیل ظلم سمیت دنیا کے نقشہ سے مٹ جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585410