اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستانی وفد نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان کے ساتھ فلپائن میں میٹنگ کی جس میں 40 سے زیادہ ممالک کی نمائندگی کرنے والے 9 ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری برائے اقتصادی امورڈاکٹر کاظم نیاز نے پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب، حکومت کے ردعمل، امدادی اقدامات اور اس صورتحال سے پیدا ہونے والے مستقبل کے چیلنجز پر جامع بریفنگ دی۔
سیکرٹری برائے اقتصادی امور نے بورڈ کے اراکین پر زور دیا کہ وہ ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستان کو زیادہ سے زیادہ امداد فراہم کریں۔انہوں نے پاکستان میں خاص طور پر انفراسٹرکچر، ہائوسنگ اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کی درخواست کی۔