وارسا ۔ 17 اگست (اے پی پی) پاکستانی ٹیم فتوحات برقرار رکھتے ہوئے ورلڈ جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی، گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں امریکہ کو 2-0 سیٹس سے زیر کیا۔ پولینڈ میں جاری میگا چیمپئن شپ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستانی پلیئر عباس شوکت نے پہلے سنگل مقابلے میں امریکہ کے سیموئل کو 10-12، 11-4، 11-4 اور 11-5 سے ہرا کر ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی، دوسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کے اسرار احمد نے امریکہ کے اینڈریو کو 11-9، 11-9 اور 11-9 سے ہرا کر ٹیم کو 2-0 سے کامیابی دلائی، دوسرے سیمی فائنل میں مصر نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔