پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ایک روزہ میچ میں 102 رنز سے شکست دے دی، دنیا ئےکرکٹ میں نمبرون ٹیم کا اعزاز حاصل

60
پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ایک روزہ میچ میں 102 رنز سے شکست دے دی، دنیا ئےکرکٹ میں نمبرون ٹیم کا اعزاز حاصل

کراچی۔5مئی (اے پی پی):چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے شکست دے کر دنیا ئےکرکٹ کی نمبرون ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا،، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 38 گیند قبل43.4اوورز میں 232 رنز پر آئوٹ ہوگئی، بہترین کارکردگی کی بنیاد پر بابراعظم کو پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعہ کو کھیلے گئے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے شکست دے دی جبکہ میچ کی ابھی 38 گیندیں باقی تھیں۔

پاکستان 335 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ نے 43.4 اوورز میں 232 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر334 رنز بنائے۔ پاکستان نے اپنے ابتدائی 10 اوورز کے پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر 53 رنز بنائے اور انہوں نے اپنے پہلے پچاس رنز 9.2 اوورز میں مکمل کئے جبکہ 112 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ کرکٹ کی دنیا کے نمبر بیٹسمین کپتان بابراعظم نے 113 گیندوں پر9 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی، وہ 117 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 107 رنز بناکر بین لِسٹرکی گیند پرمیک کونچی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

اننگز کے دوران بابراعظم نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنے 5 ہزار رنز مکمل کئے۔بابر اعظم 100سے کم اننگز میں 5ہزار رنز بنانے والے پہلے کرکٹر ہیں، انہوں نے 97اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے 101اننگز میں 5 ہزار رنز بنائے تھے، ویوین چرڈز اور ویرات کوہلی نے 114 ، 114 اننگز کھیل کر پانچ ہزار رنز کئے تھے۔

بابر اعظم ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 5 ہزار رنزبنانے والے 14ویں پاکستانی ہیں۔اس کے علاوہ بابر نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے سب سے کم اننگز میں 18 سنچریوں کا ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ پاکستانی کپتان 97 ویں اننگز میں 18ویں سنچری اسکور کرنے کے بعد سو سے کم اننگز میں 18 سنچری کرنے والے پہلے بیٹسمین بن گئے۔اس سے قبل ہاشم آملہ نے یہ کارنامہ 102،ڈیوڈ وارنر نے115 اور ویرات کوہلی نے 119 اننگزمیں انجام دیا تھا۔ بابر اعظم اور آغا سلمان کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 117 رنز کا اضافہ ہوا۔آغاسلمان 45 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بناکر آئوٹ ہوئے،

انہیں میٹ ہنری نے اپنی ہی گیند پر کیچ آئوٹ کیا۔شان مسعود نے 55 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے اور وہ ایش سودھی کی گیند پروکٹ کیپر ٹام بلنڈل کے ہاتھوں اسٹمپ آئوٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے 7 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 23 رنز بنائے جبکہ محمد حارث بھی 8 گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکے کی مدد سے 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔افتخار احمد 28، محمد رضوان 24اورفخرزمان 14 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 65 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے ایک میڈان اوور بھی کرایا۔ ایش سودھی اوربین لِسٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 38 گیندوں قبل43.4اوورز میں 232 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے اپنے ابتدائی 10 اوورز کے پاور پلے میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 46 رنز بنائے، انہوں نے 128 گیندوں پر اپنی اننگز کی سینچری مکمل کرنے کے بعد قدر تیز بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 171 گیندوں پر 150 رنز کئے تاہم 211 گیندوں پر 200 رنز بنائے۔ بلیک کیپ کے کپتان ٹام لیتھم 76 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 60 رنزاسکور کئے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

مارک چیپ مین نے33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر بولڈ آئوٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل34، وکٹ کیپر ٹام بلنڈل 23، ول ینگ15اور جیمز نیشم نے11 رنز بنائے۔ پاکستان کے اسامہ میر نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 43 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیاجبکہ محمد وسیم نے 3 اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔