لاہور ۔ 20 جون (اے پی پی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کو ہرانے والی قومی ٹیم کے کھلاڑی مختلف فلائٹس کے ذریعے لاہور ،کراچی ،راولپنڈی،پشاور اور سیالکوٹ پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق احمد شہزاد ،بابر اعظم ،فہیم اشرف ،حسن علی ،پی سی بی عہدیدران شاہد اسلم ،میجر اظہر اور رضا راشد لاہور پہنچے،کپتان سرفراز احمد اور رومان رئیس چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ کراچی پہنچے، شاداب اور عماد وسیم راولپنڈی ،حارث سہیل سیالکوٹ اور فخر زمان پشاور،پہنچے جبکہ قومی ٹیم کے دیگر اراکین محمد عامر ،جنید خان ،محمد حفیظ ،شعیب ملک ،اظہر لندن میں چند دن قیام کرنے کے بعد وطن واپس آئیں گے ۔تمام کھلاڑیوں کا متعلقہ ایئرپورٹس پر حکومتی عہدیدران ،ضلعی انتظامیہ کے اراکین اور شائقین کرکٹ نے والہانہ استقبال کیا ۔