پاکستانی ہائی کمشنر رابعہ شفیق کا سنگاپور اور خطے میں کاروباری مواقع تلاش کرنے پر زور

5

سنگاپور۔27جون (اے پی پی):آل پاکستان ایگریکلچر پروڈیوس ٹریڈرز فیڈریشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صدام اطہر کی زیرقیادت سنگاپور کا دورہ کیا ۔ یہ دورہ پاکستانی زرعی مصنوعات اور فرنیچر کے لیے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش کے سلسلے کی ایک کڑی تھا۔ وفد نے پاکستانی ہائی کمیشن کے تعاون سے سنگاپور بزنس فیڈریشن کے اراکین سے ملاقات کی ۔سنگاپور کی معروف آٹھ زرعی ،تجارت اور خوراک کی تقسیم سے وابستہ کمپنیوں کے نمائندگان نے پاکستانی برآمدکنندگان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور تعاون کے ممکنہ مواقع پر گفتگو کی۔

سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے وفد کو خوش آمدید کہا اور سنگاپور کی آسیان خطے کے لیے تذویراتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں سے پاکستانی مصنوعات کو علاقائی اور عالمی منڈیوں میں متعارف کروایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی برآمدکنندگان پر زور دیا کہ وہ نہ صرف سنگاپور بلکہ پورے جنوب مشرقی ایشیا میں کاروباری مواقع تلاش کریں۔ سنگاپور بزنس فیڈریشن 30,000 سے زیادہ کمپنیوں پر مشتمل بزنس چیمبر ہے۔ یہ بین الاقوامی تجارت اور کاروباری ترقی میں اپنے اراکین کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ملاقات کے دوران تجارتی روابط کو مضبوط بنانے، زیادہ طلب رکھنے والی مصنوعات کی شناخت اور سنگاپور کے مستحکم انفراسٹرکچر و جغرافیائی اہمیت کو بروئے کار لاتے ہوئے خطے میں توسیع کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان باہمی فائدے پر مبنی کاروباری مواقع کی نشاندہی اور فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔