پاکستانیوں کو معلوم ہو چکا کہ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام

108
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام

پشاور۔ 16 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ تمام باشعور پاکستانیوں کو معلوم ہو چکا کہ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پورے خیبر پختونخوا اور بالخصوص پشاور میں مسلم لیگ (ن) کی ہوا چل پڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پشاور میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسوں میں اے این پی پشاور کے مرکزی رہنما اور میئر پشاور کے سابق امیدوار حاجی شیر رحمان مہمند نے اپنے ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ اسی طرح تاج آباد، حیات آباد سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیت جلال خان نے بھی تمام ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔

شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ہوا اب پورے خیبر پختونخوا اور بالخصوص پشاور میں چل پڑی ہے اور مستقبل (ن) لیگ کا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دن رات محنت کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نےاپنی سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کو بچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کے فسادات کروانے والے پاکستان کے حقیقی دشمن ہیں اور عمران اینڈ کمپنی کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے، اس لیے اگلے الیکشن میں ان کا نام و نشان نہیں رہے گا۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی، شیر رحمان مہمند اور جلال خان نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو مسلم لیگ (ن) کی ضرورت ہے اور اسی لیے اس کاروان کا حصہ بنے ہیں ۔ انجنیئر امیر مقام نے تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور انہیں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد دی۔