پاکیزہ معاشرے کی تشکیل کے لئے رواداری ، عفو و درگزراور اخوت کا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر تعلیم

291
پاکیزہ معاشرے کی تشکیل کے لئے رواداری ، عفو و درگزراور اخوت کا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر تعلیم

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی میں تین چئیرز کا قیام خوش آئند اقدام ہے اورسیرت چئیر کے تحت پاکستان میں پہلی سیرت نگاران کانفرنس کا انعقاد ایک مذہبی سعادت ہے جس پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم مبارکباد کے مستحق ہیں۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں قومی سیرت نگاران کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسی لینس پاکیزہ معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کریں، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پلیٹ فارم سے رواداری، برداشت، عفوو درگزر اور اخوت کے جذبے کو فروغ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے ووکیشنل ٹریننگ اور ٹیچر ٹریننگ کی ضرورت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اس میدان میں کافی کام کیا ہے اور مارکیٹ کی ضرورتوں پر مبنی سکل بیسڈ تعلیم کے حوالے سے مزید کام کے لئے یونیورسٹی کو حکومت پاکستان کی سپورٹ حاصل رہے گی۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہماری رہنمائی کے لئے سیرت نبویؐ پر مزید کتابیں لکھنے کی ضرورت ہے۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ معاشرتی اصلاح کے لئے یونیورسٹی میں سینٹر آف ایکسی لینس کی تین چئیرز قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ چل کر اِن چئیرز کے ذریعے معاشرے میں رواداری، برداشت اور عفو و درگزرکا جذبہ پیدا کرنے اور اسے فروغ دینے کے لئے خدمات انجام دیں گے۔

کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے صدر نشین سیرت چئیر، پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن نے کہا کہ رسول اکرمؐ کی سیرت مبارکہ درحقیقت قرآن پاک کی عملی تفسیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ قرآن میں ہے وہ سب مجسم ہوکر آپؐ کی زندگی میں نظر آیا۔

صاحبزادہ ساجد الرحمن نے مزید کہا کہ حضور اکرم ؐ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیر اہوکر ہم دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں طلبا و طالبات کو زندگی کے ہر میدان میں اسوہ حسنہ سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ محمد رفیق طاہر نے ایکسی لینس مرکز میں قائم تینوں چئیرز کے اغراض و مقاصد اورا ہداف پر تفصیل سے بات کی۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین، قبلہ ایاز نے”عصری، سماجی، معاشی و اخلاقی مسائل اور ان کا حل سیرت طیبہ کی روشنی میں "کے موضوع پر کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصر جدید کے مسائل کا حل اسوہ حسنہ ؐ کی پیروی میں مضمر ہے۔

دوسرے اور تیسرے سیشن میں "عصری مسائل کے حل کے لئے سیرت طیبہ سے رہنمائی”کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ چوتھے سیشن میں نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت پاکستان کے معروف اردو شاعر، ادیب، افتخار حسین عارف نے کی جبکہ دیگر شعراء میں ڈاکٹر توصیف تبسم، محمد اظہار الحق اور پیر شمس الدین گیلانی شامل تھے۔