19.4 C
Islamabad
منگل, اپریل 1, 2025
ہومقومی خبریںپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دوسال کے آڈٹ...

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دوسال کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پی اے سی کے چیئرمین جنید اکبر خان کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں پی اے سی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے 2022.23اور 2023.24 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ۔ ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے پی اے سی کے استفسار پر بتایا کہ یونیورسٹیوں میں قابل اعتراض سرگرمیوں کے سدباب کے لئے ایک کانفرنس میں غور کیا گیا ہے۔

پی اے سی کے چیئرمین نے کہا کہ ایک یونیورسٹی کے ہروفیسر کی طلبا کے ساتھ وڈیو دیکھ کر سر شرم سے جھک گیا ہے ۔ ایسے معاملات کو ہر صورت روکنا ہوگا ۔ سید نوید قمر نے کہا کہ متعلقہ یونیورسٹی کے وی سی کو بلا کر پوچھا جائے۔ چیئر مین پی اےسی نے کہا کہ پیپرز کی مارکنگ کا کوئی ایسا طریقہ کار ہونا چاہیئے کہ آئندہ کوئی پروفیسر مارکنگ کو جواز بنا کر طلبا کو بلیک میل نہ کر سکے۔ عمر ایوب نے کہا کہ بڑی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا بھی پی اے سی کو جائزہ لینا چاہیئے۔

- Advertisement -

چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے کہا کہ عید کے بعد کسی ایک وزارت سے یہ سلسلہ شروع کرتے ہیں ۔اس معاملے کو ذیلی کمیٹیوں کے سپرد بھی کیا جا سکتا ہے ۔ بلتستان یونیورسٹی کی جانب سے پی ایس ڈی پی فنڈ سے تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق ایک آڈٹ اعتراض کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ قانون اس کی اجازت نہیں دیتا ۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایسے حالات ہی کیوں پیدا کئے جاتے ہیں کہ یونیورسٹیوں کو اپنے لوگوں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں مسائل پیدا ہوں۔

قانونی طور پر یہ ناجائز ہوگا مگر ہمیں ان معاملات کو انسانی نکتہ نگاہ سے بھی دیکھنا ہوگا ۔ ایچ ای سی اس صورتحال کا زمہ دار ہے ۔ ڈاکٹر افنان اللہ نے کہا کہ یہ بجٹ سازی کا معاملہ ہے ۔ زیادہ زور ڈویلپمنٹ کی طرف دیا جاتا ہے ۔ جنید اکبر خان نے کہا کہ وہ اس لئے کہ ڈویلپمنٹ میں کمیشن زیادہ ہوتا ہے ۔ اس معاملہ پر پی اے سی نے ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ آڈٹ کے ساتھ بیٹھ کر اس معاملہ کو نمٹایا جائے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576358

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں