پرائیویٹ حج آرگنائزرز کے مسائل سعودی حکومت کے ساتھ اٹھائوں گا،انیق احمد

125

کراچی۔ 16 ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمدنے پرائیویٹ حج آرگنائزرز کے مسائل سعودی حکومت کے ساتھ اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ سندھ حج ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر حج نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران کہا تھا کہ پاکستانی حج آپریٹرز کو منیج کرنے کا مسئلہ ہے اور ان کی تعداد 901سے کم ہو کر 200یا 250رہ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سعودی حکومت کی جانب سے پرائیویٹ حج آپریٹرز میں کمی کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ خط موصول نہیں ہوا اور امید ہے کہ اس سے قبل یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔انیق احمد نے کہا کہ میں کل سعودی عرب جا رہا ہوں اور اس معاملے کو سعودی وزیر حج کے سامنے اٹھائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ 2024کے حج کے دوران عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔قبل ازیں پرائیویٹ حج آرگنائزرز آف پاکستان کے مرکزی چیئرمین جمال خان تراکئی نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کی کمی کا معاملہ نگراں وفاقی وزیر کے سامنے اٹھایا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے دورے کے دوران اس معاملے کو سعودی وزیر حج کے ساتھ اٹھائیں اور اسے حل کرائیں۔

قبل ازیں نگراں وفاقی وزیر نے جامعہ راشد کا دورہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے جامعہ نعیمیہ کے دورے کے موقع پر مفتی منیب الرحمان سے ملاقات کی۔ جس کے بعد نگراں وفاقی وزیر نے کارڈنل سینٹ پیٹرک چرچ بھی گئے۔