پرائیویٹ سکولوں کی مشاورت سے پیراکے قوانین میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں،وزیر مملکت طارق فضل چوہدری

130

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بہت جلد پرائیویٹ سکولوں کی مشاورت سے پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی ( پیرا)کے قوانین میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر نہال ہاشمی نے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں فیس سے متعلق سوال پوچھا اور دریافت کیا کہ پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں کیا معاملات ریگولیٹ کرتا ہے اور یہ امر کس طرح ممکن بنایا جا سکتا ہے کہ ایک غریب آدمی کا بچہ بھی اچھے معیاری سکول میں تعلیم حاصل کر سکے۔ جواب میں وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادروں کی فیسوں میں اضافے کا معاملہ 2015ءمیں ابھرا جب اسلام آباد کے پرائیویٹ سکولوں نے اپنی مرضی سے فیسوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا جس پر وزیراعظم نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمٰن کو ہدایت جاری کی کہ اس سال پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔