اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے 78 ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم آزادی حق خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے، ایک پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، ہم پاکستان کیلئے ان گنت قربانیاں دینے والے تحریک پاکستان کے رہنمائوں، کارکنان اور اپنے آبائو اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی 14 اگست 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ان وسائل کو بروئے کار لائیں، ہمیں قانون کی حکمرانی ، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم کی ہم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے، ہمیں قائداعظم کے فرمان ”اگر ہم اس عظیم مملکت پاکستان کو خوش و خرم اور خوشحال بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی تمام تر توجہ لوگوں بالخصوص عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے” سے تحریک حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے اپنے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کریں، خدمات کی فراہمی بہتر بنائیں اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہمیں آزادی کا جشن مناتے ہوئے سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ، عہد کریں کہ ہم عوام کی ترقی کیلئے کام کریں گے اور پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین!
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=493618