جوہانسبرگ۔2دسمبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ مایہ ناز فاسٹ بائولر کاگیسو ربادا انجری کے باعث عالمی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف تینوں ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز سے باہر ہوگئے۔ جنوبی افریقہ کرکٹ کے مطابق فاسٹ بائولرکاگیسو ربادا کو انجری سے نجات پانے کے لئے تین ہفتے درکار ہیں۔ ربادا کو جلد بائیو ببل سے باہر جانے کی اجازت دے دی جائے گی جس کے بعد وہ اپنی فٹنس کی بحالی اور سری لنکا کے خلاف 26 دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لئے اپنی تیاری کریں گے۔ 25 سالہ فاسٹ بولر انجری کا شکار ہوکر انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔ کاگیسو ربادا نے آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلز کی طرف سے17 میچوں میں 30 وکٹیں حاصل کرکے پرپل کیپ حاصل کی تھی۔ ربادا 2019میں آئی پی ایل کھیلنے کے بعد کمر میں تکلیف کی وجہ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کپتان فاف ڈوپلیسی نے انکشاف کیا تھا کہ ربادا کو آئی پی ایل نہ کھیلنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعہ کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔