لاہور۔4مارچ (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی دائر درخواست پر پولیس نے اپنی رپورٹ جمع کرادی جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب بھر میں 32 مقدمات درج ہیں۔
جسٹس طارق ندیم نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی استدعا کی تھی ۔دوران سماعت عدالتی حکم پر پولیس نے مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔پولیس رپورٹ میں لکھا ہے کہ پرویز الٰہی پر لاہور میں 15 ،راولپنڈی میں 11 ، فیصل آباد میں4 جبکہ اٹک اور گوجرانولہ میں ایک ایک مقدمہ درج ہے۔۔نو مئی کے لاہور میں درج 13مقدمات میں پرویز الٰہی کے خلاف تفتیش جاری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568582