اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور بڑے شہروں کو خوبصورت بنانا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ریڈیو کرنٹ افئیر کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ماسٹر ہائوسنگ پلان اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور فیصل آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں پر مشتمل ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ہم وفاقی داراحکومت سے ہاوسنگ پلان کا آغاز کریں گے کیونکہ یہ دنیا کے خوبصورت ترین داراحکومتوں میں سے ایک ہے، بدقسمتی یہ ہے کہ ماضی میں ہاوسنگ سیکٹر کے ماسٹر پلان ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ مافیا قانون سے بالاتر ہو کرکام کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی کالونی میں گرین بیلٹ، پارکس اور دیگر سہولیات ہونی چاہئیں لیکن مافیا سہولیات کی فراہمی کی بجائے پیسہ کمانے میں مصروف تھا۔ زرتاج گل نے بتایا کہ بہت سارے مشہور معمار ، آرائش کار اور انجینئر اس سلسلے میں قائم کمیٹی کے ممبر ہیںاور وفاقی داراحکومت کے بعد یہ پروگرام دوسرے شہروں میںبھی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب عوام وزیراعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کا قومی ایجنڈا احساس پروگرام کے تحت غربت کے خاتمے ، نوجوانوں کو صحت اور تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے 1.5 سال کے دور میں مثبت رجحانات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔