ملک سعد شہید پولیس لائنزپشاورکی مسجد میں ظہر کی نماز کے دوران ایک زوردار خودکش دھماکے میں 59 نمازی شہید، 170 کے قریب زخمی

411

پشاور۔30جنوری (اے پی پی):ملک سعد شہید پولیس لائنزپشاور کی مسجد میں ظہر کی نماز کے دوران ایک زور دار خودکش دھماکے میں 59 نمازی شہید اور 170 کے قریب زخمی ہوئے۔پولیس ترجمان کے مطابق پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور شہر کے دیگر ہسپتالوں میں جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی میں مزید 13 شدید زخمیوں کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔

دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ ریڈ زون میں واقع مسجد کا اگلا حصہ زمین بوس ہو گیا۔ دھماکہ مسجد میں نمازیوں کی اگلی صف میں ہوا جہاں عموماً 300 سے 400 کے قریب لوگ نماز ادا کرتے ہیں۔مسجد کے ملبے تلے دبے متاثرین کو ریسکیو 1122 اور پولیس کے ذریعے نکالا جا رہا ہے محکمہ صحت کے پی نے پشاور کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

کمشنر پشاور ریاض محسود نے صحافیوں کو بتایا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے اور مسجد کے ملبے سے پھنسے نمازیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔لوگوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کی خیریت دریافت کرنے اور خون کے عطیات دینے ہسپتال پہنچ گئی۔

تاہم ایل آر ایچ کے ترجمان نے متاثرین کے اہل خانہ پر زور دیا کہ وہ ہسپتال جانے سے گریز کریں تاکہ مختلف وارڈز میں منتقل کیے جانے والے زخمیوں کو بغیر کسی پریشانی کے علاج فراہم کیا جا سکے۔