پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اہم سنگ میل اور پہچان حاصل کر رہا ہے،پروفیسر ڈاکٹر حسنات

310
پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اہم سنگ میل اور پہچان حاصل کر رہا ہے،پروفیسر ڈاکٹر حسنات

پشاور۔ 19 نومبر (اے پی پی):پاکستان ایسوسی ایشن آف کارڈیو ویسکولر اینڈ تھوراسک سرجری کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسنات نے کہا ہے کہ پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اہم سنگ میل اور پہچان حاصل کر رہا ہے، ایک بڑی کانفرنس کی میزبانی ان کی مہارت اور کارڈیالوجی کے شعبے میں لگن کی نشاندہی کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےپشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام تین روزہ 12ویں کارڈیک تھوراسک سرجری انٹرنیشنل کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پی آئی سی کے زیر اہتمام تین روزہ کانفرنس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ تھوراسک سرجنز نے بھی لائیو سرجری کیساتھ منی مٹرل، میڈ کیپ، ٹی اے پی وی آر،تھوراسک سرجری ، سرجیکل ٹی ای ای ورکشاپ اور مختلف موضوعات پر ماہرین کی طرف سے پریزنٹیشنز دی گئیں۔

کانفرنس کا موضوع ” کارڈیک سرجری میں روشن مستقبل کے لیے تعاون کے ذریعے معیار کو مضبوط بنانا ” تھا ۔ اس موقع پر شرکاء کاکہنا تھا کہ اس طرح کی کانفرنسز نیٹ ورکنگ اور تعاون کو فروغ دیتی ہیں جبکہ روابط کے قیام، خیالات کے تبادلے اور پیشہ ورانہ تعلقات استوار کرنے کا موقع ملتا ہے جو مستقبل میں تعاون، تحقیقی منصوبوں، اور حتی کہ رہنمائی کے مواقع کا فراہم کر سکتے ہیں۔

کانفرنس میں پاکستان سمیت بیرون ملک سے آنے والے کارڈیک سرجری اور کارڈیالوجی ماہرین نے شرکت کی ،کانفرنس میں امراض قلب سے متعلق بہترین اور جدید لائیو کیسز پیش کیے گئے۔ تقریب سے پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیف ایگزیکٹو میڈیکل ڈائریکٹر اور کانفرنس کنوینر ڈاکٹر شاہکار نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ علاج کی بہترین اور عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پشاور نے تین سال کے قلیل عرصے میں متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات حاصل کیے ہیں جو نہ صرف خیبر پختونخواہ بلکہ پاکستان کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔انہوں نے پاکستان اور بیرون ممالک کے امراض قلب اور صحت کے ماہرین کی پشاور آمد اور اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کو سراہا۔

کانفرنس میں خواتین مقررین نے کارڈیک سرجری کے شعبے میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس میں ایڈلٹ کارڈیالوجی،ایڈلٹ کارڈیک سرجری،پیڈز کارڈیالوجی،کارڈیک سرجری پرفیوژن،انستھزیا اہم موضوع رہے جن پر مختلف مقالے اور پریزنٹیشن پیش کئے گئے۔