پشاور میں خواتین کو ہراسانی سے محفوظ بنانے کیلئے سیمینار کا انعقاد

5

پشاور۔ 18 جون (اے پی پی):خواتین کو ہراسانی سے محفوظ رکھنے اور اس کے سدباب کیلئےٹریفک ڈرائیونگ اسکول حیات آباد پشاور میں اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان، دیگر ٹریفک افسران، اور مذکورہ تنظیم کی پروگرام ڈائریکٹر شوانہ شاہ نے شرکت کی۔تقریب میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی خواتین افسران نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ پروگرام کے دوران شوانہ شاہ نے خواتین کے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی کے واقعات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ان کی روک تھام کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے تنظیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے محکمے میں خواتین باعزت طریقے سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور خواتین کیلئے ایک محفوظ ادارہ ہے،سی ٹی او نے واضح کیا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والوں کیلئے قانون میں واضح سزائیں مقرر ہیں، جن میں قید اور جرمانہ شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو ہراسانی کا سامنا ہو تو بلاجھجک متعلقہ تھانے یا ادارے سے رجوع کرے ،سیمینار کے اختتام پر چیف ٹریفک آفیسر کی جانب سے تنظیم کی ڈائریکٹر کو شیلڈ پیش کی گئی اور تنظیم کی ڈائریکٹر کی جانب سے چیف ٹریفک آفیسر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک یادگاری شیلڈ دی گئی۔