پشاور ڈویژن میں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات مکمل، تمام ڈپٹی کمشنرز کو مہم کی نگرانی کیلئے فیلڈ میں موجود رہنے کے احکامات جاری

67
Polio campaign
Polio campaign

پشاور۔ 02 فروری (اے پی پی):پشاور ڈویژن میں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، تمام ڈپٹی کمشنرز کو مہم کی نگرانی کےلئے ازخود فیلڈ میں موجود رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں،

پولیو ٹیموں کو صبح ساڑھے سات بجے تک مقرر کردہ پوائنٹس پر حاضر ہونے اور 8 بجے مہم شروع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، پولیس کو پولیو ٹیموں کی فول پروف سیکیورٹی اور ڈپٹی کمشنرز کو ترتیب دیئے گئے مائیکرو پلان پر عملدرآمد کے بھی احکامات جاری کئے گئے،

مہم کے دوران روزانہ شام کے وقت اجلاس منعقد کرنے اور پورے دن کی کارکردگی اور اگلے روز کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں، ریونیو ٹیمیں ، سیکرٹری ویلیج اور نیبرہوڈ کونسلز بھی ٹیموں کے ہمراہ موجود رہیں گے

،اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، بلدیاتی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کمشنر پشاورکو تمام پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے انسداد پولیو مہم کے لیے تیاریوں، انکاری والدین کو راضی کرنے، مائیکرو پلان کی تشکیل اور مہم کی کامیابی کےلیے حکمت عملی سے متعلق آگاہی دی جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز نے پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی اور دیگر اقدامات سے متعلق آگاہی دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاورریاض خان محسود نے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور پولیو مہم کی براہ راست نگرانی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع کے دورے کرنے کا اعلان کیا۔