پشاور کے علاقے گلبہار میں سرچ آپریشن، متعدد مشکوک افراد گرفتار

168
پشاور

پشاور۔ 03 ستمبر (اے پی پی):پشاور میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے گلبہار کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا۔ ایس پی فقیر آباد ڈاکٹر محمد عمر کی قیادت میں پولیس اور سکیورٹی اہلکارروں نے امامیہ کالونی ، قادر آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا ۔

آپریشن کے دوران سرائیوں، گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلز میں رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا بھی چیک کیا گیا جبکہ غیر رجسٹرڈ کرایہ دارروں، غیر قانونی مقیم افغان باشندوں اور مشتبہ افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ سرچ آپریشن میں پولیس کمانڈوز، جیل وین، بی ڈی یو، سنیفر ڈاگز اور لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا۔اس دوران متعدد مشکوک افراد کو گرفتار کرکے ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے ۔