23 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومعلاقائی خبریںپشاور، بارش کے بعد ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی، مختلف علاقوں سے...

پشاور، بارش کے بعد ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی، مختلف علاقوں سے 256 سے زائد افراد محفوظ مقام پر منتقل

- Advertisement -

پشاور۔ 30 اگست (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت پشاور میں بارش کے بعد ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 256 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ترجمان ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا بلال احمد فیضی کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر غیور مشتاق خان کی نگرانی میں ریسکیو 1122 پشاور کی میڈیکل، ڈیزاسٹر اور دیگر ٹیموں نے حالیہ بارشوں کے بعد شاہین کالونی ورسک روڈ، صفیہ ٹاؤن، ریگی بالا اور ملحقہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ کرتے ہوئے بھرپور ریسکیو آپریشن کیا۔

بارش کا پانی گھروں اور محلوں میں داخل ہونے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جدید مشینری اور آلات کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ ہوئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 256 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ مقامات پر ڈی واٹرنگ آپریشن تیزی سے مکمل کیا گیا جبکہ متعدد علاقوں کو بارش کے پانی سے کلیئر کردیا گیا ہے۔

- Advertisement -

عوام نے ریسکیو 1122 کی بروقت اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی جانب سے نالوں اور خطرناک مقامات پر مسلسل اعلانات کے ذریعے عوام کو محفوظ رہنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ اس وقت ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بڈھنی پل کے مقام پر موجود ہیں اور بارش کے پانی کی نکاسی سمیت ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں