پشاور۔ 17 جون (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر پشاور ہارون رشید خان کی سربراہی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کارروائیوں کے دوران نو پارکنگ زون اور ڈبل پارکنگ میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر 645 افراد کا چالان کیا اور سینکڑوں گاڑیوں کو فورک لفٹر کے ذریعے اٹھا کر ٹرمینل میں بند کردیا ۔
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر نے کہا ہے کہ شہری نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس اقدام سے ٹریفک جام ہوتا ہے جس سے نہ صررف لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ لوگوں کا قیمتی وقت ضائع ہونے سمیت اکثر اوقات رش میں ایمبولینسز پھنس جاتی ہیں جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری محب وطن اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ٹریفک قوانین پر مکمل طور پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور غلط پارکنگ اور نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کرکے ٹریفک نظام میں بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ٹریفک حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو نو پارکنگ ایریاز کے فقدان اور نو پارکنگ بورڈز کی کمی بارے آگاہ کیا گیا ہے۔