کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):کمانڈر 12 کور کوئٹہ کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں انسداد منشیات آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ اور پشین میں منشیات کے خلاف بھر پور کارروائیاں جاری ہیں،ہفتے کی صبح قلعہ عبداللہ آپریشن کے تسلسل میں پشین میں بھی منشیات کے گوداموں پر لیویز کی جانب سے کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اس دوران منشیات بنانے والی 9 فیکٹریوں اور گودام پر چھاپہ مارا گیا،منشیات برآمد ہونے پر تمام فیکٹریاں اور گودام نذر آتش کردیئے گئے،
گوداموں اور فیکٹریوں میں کروڑوں روپے مالیت کی تیار اور ذخیرہ کی گئی منشیات کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات نے متعلقہ علاقے کا دورہ کر کے آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس دوران کمشنر کوئٹہ کو ڈپٹی کمشنر پشین کیپٹن (ر)جمیل بلوچ نے آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ منشیات کے کاربار میں ملوث عناصر اور انکے ٹھکانوں کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس آپریشن میں مقامی قبائل کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے اور علاقہ مکینوں نے ان کارروائیوں کا خیر مقدم کیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=388513