پلاسٹک کا استعمال ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ،عالمی برادری روک تھام کے لیے اقدامات کرے،اقوام متحدہ

202
اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔5جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پلاسٹک کا استعمال ماحولیاتی آلودگی کا بہت بڑا سبب ہے،عالمی برادری اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا کہ دنیا بھر میں ہرسال 400 ملین (40 کروڑ)ٹن سے زیادہ پلاسٹک پیدا ہوتا اور اس میں سے ایک تہائی صرف ایک بار استعمال ہوتا ہے، ہر روز 2000 سے زائد ٹرک جو کہ پلاسٹک کے کچرے سے لدے ہوتے ہیں انہیں سمندروں، دریاؤں اور جھیلوں میں پھینکا جاتا ہے۔

انہوں کہا کہ مائیکرو پلاسٹک ہمارے کھانے، پانی اور ہوا کے ذریعے ہمارے جسم میں داخل ہورہاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا زیادہ پلاسٹک ہم جلاتے ہیں اتنا ہی زیادہ موسمی بحران کو بدتر کررہے ہیں ، اس مسئلے کا حل ہمارے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یواین ای پی ) کی حالیہ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ 2040 تک پلاسٹک کی آلودگی میں حیرت انگیز طور پر 80 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے،

دنیا اب پلاسٹک کو دوبارہ استعمال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، اس سلسلے میں ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا اور تمام حکومتوں اور کمپنیوں کو پلاسٹک کا استعمال صفر بنانا ہوگا۔ انتونیوگوتریش نے کہا کہ پلاسٹک سے ہونے والے نقصانات کے اعدادوشمار پریشان کن ہیں۔