پمزمیں ایم آر آئی مشین کی تنصیب اسلام آباد کے شہریوں کے لئےبہت بڑی خوشخبری ہے، ڈاکٹر ندیم جان

146
ڈاکٹر ندیم جان

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہاہے کہ حکومت عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، پمزمیں ایم آر آئی مشین کی تنصیب اسلام آباد کے شہریوں کے لئےبہت بڑی خوشخبری ہے۔

وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ایم آر آئی کا افتتاح کیا۔ پمز میں پانچ سال کے بعدایم آر آئی مشین لگا ئی گئی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ آج ایک اہم دن ہے ، پمزمیں ایم آر آئی مشین کا نہ ہونا ایک اہم معاملہ تھا۔ پمز میں کئی معاملات ہیں جن کو حل کیاجائے گا۔ ہم نے عوام کو صحت کی سہولیات دینی ہیں ،ایم آر ائی مکمل طور پر فنکشنل ہے ،ہم نے جو ڈیڈ لائین دی تھی اس پر کام نہ ہوسکا ،ہم اچھے کام والوں کو سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پمز اسلام آباد کا سب سے بڑا ہسپتال ہے ، روزانہ دس سے بارہ ہزار لوگ علاج معالجے کے لئے پمز آتے ہیں ۔

ہمارا رویہ پمز میں آنے والے مریضوں کے ساتھ اچھا ہونا چاہیے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پمز میں چپڑاسی سے لے کر ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ڈاکٹرز مریضوں کے ساتھ اچھا رویہ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ پمزمیں او پی ڈی میں رش بیان سے باہر ہے ، اس کے لئے آن لائن سسٹم بنانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے روزانہ ہزاروں شکایتیں آرہی ہیں ، ہم چاہتے ہیں یہ مسائل ختم ہوں ،ہم کلینیکل آڈٹ سسٹم لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں جو بہتر صحت کی سہولیات نہیں دے رہے تھے ان میں سے 430 ہسپتالوں میں مرمتی کاکام کیا جا ئے گا۔