پن بجلی اور شمسی توانائی کے نئے منصوبے بجلی کی قیمتوں پر قابو پانے میں مدد دیں گے، وزیر خارجہ

92
پن بجلی اور شمسی توانائی کے نئے منصوبے بجلی کی قیمتوں پر قابو پانے میں مدد دیں گے، وزیر خارجہ

ملتان۔7جون (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پن بجلی اور شمسی توانائی کی پیداواربڑھا کر بجلی کی بڑھتی ہو ئی قیمتوں کو روکا جاسکتا ہے اور حکومت اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ اگلے دس سال کے دوران دس نئے ہائیڈل منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔ان سے پیدا ہونے و الی بجلی نہ صرف یہ کہ سستی ہوگی بلکہ ہمارے سسٹم میں شامل ہوکر بجلی کی مجموعی پیداوار پر اثرات مرتب کرے گی،

ان خیالات کااظہارانہوں نے سوموار کے روز نشترمیڈیکل یونیورسٹی میں ریٹروفٹنگ منصوبے کے افتتاح کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت چارہزار پرانے پنکھوں اوربارہ ہزار لائٹس کو ریٹروفٹنگ کے ذریعے تبدیل کیاگیا ہے۔چارکروڑ 60لاکھ روپے لاگت کے اس منصوبے سے ساڑھے تین کروڑ روپے کی بچت ہوگی

۔وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم عوام کاپیسہ بچا کر صحت اور ادویات کی فراہمی پر خرچ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال میں بھی آج سولر سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ جولائی کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا اوراس سے سالانہ ایک کروڑ 75لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ اس سسٹم کی معیاد 25سال ہے۔ ہم اپنی لاگت دوسال میں حاصل کرلیں گے اور اگلے 23سال تک مفت بجلی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ مہنگی بجلی کو سستا کرنا ایک چیلنج ہے ۔حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور رہنمائی میں اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے نئی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔ہماری توجہ تھرمل ، ہائیڈل اور سولر پر ہے۔

انہوں نے کہاکہ پن بجلی کے لیے ہمارے پاس کئی مواقع ہیں ۔گلیشئر سے پگھلنے والا پانی پن بجلی میں استعمال ہوسکتا ہے۔ اسی طرح ہمارے ہاں سورج کی روشنی شمسی توانائی کے لیے استعمال ہوسکتی ہے۔ شمسی توانائی کا نظام پہلے مہنگا تھا لیکن اب یہ بھی کم خرچ ہوگئی ہے۔پن بجلی اور شمسی توانائی کی پیداوار بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں رکاوٹ ڈالے گی۔