لاہور۔15اپریل (اے پی پی):پنجاب اسمبلی کے رواں سیشن میں قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں فائیو سٹار ہوٹل بنانے کی قراداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیاگیا۔یہ قراداد رواں برس فروری میں استحکام پاکستان پارٹی کے ایم پی اے شعیب صدیقی کی جانب سے بحث کے لئے پیش کی گئی تھی جسے وقت کے اہم مسئلے کا بہترین حل قرار دیتے ہوئے منظور کیا گیا۔
ممبران اسمبلی نے اس قراداد کو بھر پور پذیرائی دیتے ہوئے ایک بڑے عوامی مسئلے کا حل قرار دیا۔ ایم پی اے شعیب صدیقی کی جانب سے پیش کی گئی قراداد میں کہا گیا کہ لاہور میں ہونے والے کرکٹ میچوں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کے دبائو اور گاڑیوں کے بہائو میں تعطل کے باعث ایمبولینسوں کی نقل و حرکت، سکول کے اوقات میں بچوں کو لانے لے جانے والی ویگنوں کی تاخیر سمیت شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث ہے۔
قرارداد میں تجویز دی گئی کہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر سے ٹریفک کے مسئلے سے مستقل نجات ملے گی اور شہریوں کو سفری سہولت میسر رہے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ آئینی تقاضے پورے ہونے کے بعد قرارداد پر عمل درآمد جلد شروع ہو جائے گا جو بلا شبہ شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری ہو گی۔انہوں نے پنجاب اسمبلی میں قراردادکی متفقہ منظوری پر تمام جماعتوں کا اور سپیکر اسمبلی کا شکریہ اد ا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582541